بنگلور،19؍مارچ (ایس او نیوز) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والی بنگلور بلال باغ کی خواتین نے اب کورونا وائرس سے لڑنے کی تیاری بھی کرلی ہے۔ مظاہرہ گاہ پر مظاہرین کوکورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے صفائی کا پورا انتظام کیاگیاہے۔ ساتھ ہی عمررسیدہ، حاملہ، بلڈپریشر یاذیابیطس کا شکار خواتین کے علاوہ چھوٹے بچوں کو ساتھ لانے والی خواتین سے احتجاج میں شامل نہ ہونےکی اپیل کی گئی ہے۔
منتظمین میں شامل ایک میڈیکل اسٹاف نے میڈیا کوبتایا کہ ’’کورونا وائرس سے مظاہرین کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ اس لئے یہاں صفائی پر خاص توجہ دی جار ہی ہے۔ سینی ٹائزر کے انتظام کے علاوہ پورے علاقے میں ڈیٹول اور فنائل کاچھڑکائو کیاجارہاہے۔دن میں 2؍بار چٹائی اٹھاکر صفائی کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں مظاہرین کی ہر روز جانچ بھی کی جارہی ہے اور ان کا درجہ حرارت چیک کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کہ احتجاج کرنے والی خواتین کی صحت پر کسی طرح کا اثر نہ پڑنے پائے۔ وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے خواتین ماسک کا بھی استعمال کررہی ہیں۔
موقع پر موجود ڈاکٹر دانش احمد حاجی فقیہ نے بتایا کہ چونکہ شہر میں ماسک کی قلت ہے اور دکانوں میں زائد قیمتوں پر ماسک فروخت کی جارہی ہے اس لئے میڈیکل کے اسٹوڈنٹس خود ایک مقام پر جمع ہوکر ماسک تیار کرکے مظاہرین کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی سپلائی کررہے ہیں اور کرونا وائرس سے بچائو کی ہرممکن تدابیر اختیار کی جارہی ہے۔
ڈاکٹر دانش نے یہ بھی بتایا کہ ایک ہی مقام پر تمام خواتین جمع نہ ہوں اس کے لئے گروپ کی شکل میں خواتین کو بٹھایاگیاہے۔ 2؍ خواتین کے درمیان کم از کم ایک میٹر کا فاصلہ رکھا جارہاہے۔ اس طرح کی احتیاطی تدابیر کے علاوہ عمررسیدہ، حاملہ اور بلڈپریشر یاذیابیطس کاشکار خواتین کے علاوہ چھوٹے بچوں کو ساتھ لانے والی خواتین سے احتجاج میں شامل نہ ہونےکی اپیل کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ مظاہرین کے جذبے کو دیکھتے ہوئے انہیں یہاں آنے سے روکنے میں دشواری آرہی ہے۔ کچھ عمررسیدہ خواتین ایسی ہیں جو کسی قیمت پر یہاں سے جانےپر آمادہ نہیں ہیں۔ اسی طرح دوسری بھی بہت ساری خواتین ہیں جو کسی حال میں احتجاج سے دور نہیں ہونا چاہتیں لیکن سچائی سے چشم پوشی بھی نہیں کی جا سکتی، وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے احتیاط ضروری ہے۔ دوسری جانب اس بات کی بھی اطلاع ہے کہ پولیس بھی کوروناوائرس کی وجہ سے احتجاج ختم کرنے کیلئے دباؤ بنارہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بنگلور میں بھی کورونا وائرس کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ جس کو دیکھتے ہوئے پیشگی انتظامات بھی ضروری ہیں۔